غزہ کے شہید بچوں کی یاد میں نیویارک میں 100 میٹر کفن کی نمائش

غزہ کے شہید بچوں کی یاد میں نیویارک میں 100 میٹر کفن کی نمائش

نیویارک( مانیٹر نگ ڈیسک) غزہ میں جاں بحق ہونے والے 20 ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کے ہاتھ سے لکھے ناموں پر مشتمل تقریباً 100 میٹر طویل یادگاری کفن اقوام متحدہ چرچ سینٹر میں نمائش کیلئے پیش کردیا گیا۔’’تعداد نہیں، نام‘‘ کے عنوان سے اس یادگاری منصوبے کا مقصد جنگ میں جان گنوانے والے بچوں کو محض اعداد و شمار کے بجائے ان کے نام اور انفرادی شناخت کے ساتھ یاد کرنا ہے۔ منتظمین نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور مبینہ جنگی جرائم کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔’’غزہ چلڈرنز کفن‘‘ نامی منصوبہ مختلف غیر سرکاری تنظیموں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ نمائش کے موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، قرآن پاک کی تلاوت ہوئی اور غزہ کے بچوں کی یاد میں بین المذاہب دعائیہ اجتماع بھی منعقد کیا گیا۔منتظمین کے مطابق اس منصوبے کی تحریک اٹلی میں تیار کیے گئے ایک یادگاری کفن سے ملی، جہاں بعض فلسطینی والدین نے اپنے بچوں کی شناخت کیلئے ان کے جسموں پر نام تحریر کیے تھے۔ یادگاری کفن کا مقصد جنگ میں جاں بحق بچوں کو اعداد و شمار میں گم ہونے سے بچانا ہے۔یہ کفن یکم ستمبر کو فلاڈیلفیا سٹی ہال سے سفر شروع کرچکا ہے اور 16 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک پہنچا۔ منصوبے کے تحت اسے آئندہ مختلف شہروں میں نمائش کیلئے لے جایا جائے گا اور ایک سال تک جاری رہنے والی مہم میں ہر ماہ ایک نئے شہر میں آگاہی اور دعائیہ پروگرام منعقد ہوگا۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں بچوں سمیت بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے ملبے سے لاشیں ملنے پر ممکنہ جنگی جرائم کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.