ترکیہ سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ پروفیسر اورحان ایکرن کی لاش لندن کی ریجنٹس کینال کے قریب سے برآمد ہوئی۔ پروفیسر 26 نومبر کو لاپتہ ہوگئے تھے اور ان کی گمشدگی کے بعد پولیس نے بھرپور تلاش کا آغاز کیا تھا۔ 15 دسمبر کو ان کی لاش لندن کے چڑیا گھر کے قریب نہر سے ملی۔
پولیس نے 17 دسمبر کو پروفیسر کے اہلخانہ کو تصاویر کے ذریعے ان کی شناخت کی تصدیق کرائی۔ ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔
پروفیسر ایکرن میلٹن کینز کے رہائشی تھے اور آخری مرتبہ انہیں کیمڈن مارکیٹ کے قریب دیکھا گیا تھا۔ ان کی گمشدگی کے اگلے دن ان کا بیگ نہر کے قریب ملا تھا، جس کے بعد پولیس نے مزید تفتیش اور سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
اہلخانہ کے مطابق، ان کی تدفین ترکیہ کے شہر ازمیر میں ہوگی۔ اس وقت پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ موت کے اصل اسباب کا پتہ چل سکے۔