استنبول …استنبول کے محکمہ صحت کے صوبائی ڈائریکٹر، عبداللہ امرے گونر نے عوامی صحت ہفتہ کے موقع پر بتایا کہ رواں سال شہر بھر میں قائم فیملی ہیلتھ سینٹرز میں 2 لاکھ 52 ہزار 569 افراد کا کینسر اسکریننگ کے ذریعے معائنہ کیا گیا ہے۔ یہ ہفتہ ہر سال 3 سے 9 ستمبر کے درمیان منایا جاتا ہے، اور اس موقع پر گونر نے 2002 میں صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں شروع ہونے والے “ہیلتھ ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ” کو سراہا، جس کی بدولت ترکیہ عالمی سطح پر صحت کی خدمات میں ایک نمایاں مثال بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک دنیا کے 201 ممالک سے تقریبا 5 لاکھ افراد نے استنبول آ کر علاج کروایا ہے، جس کے باعث شہر کو “دنیا کا دارالحکومت برائے صحت” قرار دیا جاتا ہے۔ گونر نے واضح کیا کہ استنبول کے 1 کروڑ 60 لاکھ شہریوں کی صحت کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق، موجودہ خدمات “صحت مند ترکیہ کی صدی کا وژن” کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں، جو وزیر صحت کمال میمش اوغلو کی قیادت میں تیار کیا گیا ہے۔ اس وژن میں بیماریوں سے بچا، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور ان بڑے طبی مسائل کی روک تھام شامل ہے جو معاشرتی و معاشی بوجھ بن سکتے ہیں۔ گونر نے بتایا کہ 2010 میں استنبول میں فیملی ہیلتھ سسٹم کے آغاز سے اب تک شہریوں کی صحت کی نگرانی مسلسل جاری ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات لوگوں کو بیماری کا علم ہونے سے پہلے ہی ان کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں شہر کا 1100 واں فیملی ہیلتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ 1101 واں سینٹر اسی ہفتے فعال ہو جائے گا۔ فی الوقت استنبول بھر میں 4,900 فیملی فزیشنز خدمات انجام دے رہے ہیں، جنہیں گونر نے “صحت کے علمبردار” قرار دیا۔ ان کے مطابق، رواں سال شہر میں کیے گئے 8 کروڑ 40 لاکھ طبی معائنوں میں سے 2 کروڑ 50 لاکھ فیملی فزیشنز کے ذریعے مکمل کیے گئے ہیں۔
استنبول میں 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کا کینسر اسکریننگ کے ذریعے معائنہ
5