جاپان کے ولی عہد شہزادہ ‘فومی ہیٹو’ اور ولی عہد شہزادی ‘کیکو’ دسمبر 2024 میں ترکیہ کے دورے پر آئیں گے، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔
یہ دورہ 3 تا 8 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران 4 دسمبر کو انقرہ میں صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کریں گے اور پھر استنبول میں ایک یادگاری تقریب میں شرکت کریں گے۔استنبول میں وہ 1890 میں جاپان میں ڈوبنے والے عثمانی بحریہ کے فریگیٹ ‘ارطغرل’ سے متعلقہ عجائب گھر کا دورہ کریں گے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔’ارطغرل’ جہاز پر 609 افراد سوار تھے اور یہ جولائی 1889 میں استنبول سے روانہ ہوا۔ 16 ستمبر 1890 کو یہ جہاز جاپان پہنچنے کے بعد، کوشیموتو کے ساحلی علاقے میں چٹانوں سے ٹکرا گیاتھا، جس کے نتیجے میں 540 عثمانی جوان جاں بحق ہوئے، جبکہ صرف 69 ملاح زندہ بچے تھے۔یہ واقعہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی یادگار ہے اور 134 سالوں سے دونوں قوموں کے دلوں میں زندہ ہے۔