بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (S&P) نے ترکیہ کی کریڈٹ ریٹنگ کو “B+” سے بڑھا کر “BB-” کر دیا ہے اور کریڈٹ ریٹنگ کے مستقبل کو “مستحکم” قرار دیا ہے۔
S&P کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ کو “BB-” کر دیا گیا ہے، جبکہ قلیل مدتی ریٹنگ کو “B” برقرار رکھا گیا ہے۔بیان کے مطابق، ترکیہ کے مرکزی بینک کی سخت مالیاتی پالیسیوں نے ترک لیرا کو مستحکم کرنے، افراط زر میں کمی، مالی ذخائر کی بہتری، اور مالی نظام کو زرمبادلہ کے اثرات سے محفوظ بنانے میں مدد کی ہے۔
اس کے علاوہ، دیگر ممالک کے ساتھ ترکیہ کی بچت کا فرق کم ہونے سے 2022 سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے جی ڈی پی کے تناسب میں تقریباً 4 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
S&P کا کہنا ہے کہ کریڈٹ ریٹنگ کا مستحکم مستقبل اس بات کا عکاس ہے کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران افراط زر میں مزید کمی، اجرت کی توقعات کو منظم کرنے، اور معیشت کو متوازن رکھنے کے اقدامات جاری رہیں گے۔