ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ وہ تمام صاحبِ ضمیر ممالک کو اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی دعوت دیتے ہیں۔ انقرہ میں سینیگال کے صدر باسیرو ڈومائے فائے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ایردوان نے سینیگال کے دو ریاستی حل کے حوالے سے موقف کو اہم قرار دیا اور کہا کہ افریقی بھائی ظلم و قتل عام کی حقیقت کو اچھی طرح جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افریقہ میں شہنشاہیت پسند ذہنیت کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ خونریزی کے ذریعے پُرامن مستقبل نہیں بنایا جا سکتا، اور یہ حقیقت غزہ اور لبنان میں بھی نظر آئے گی۔ فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی حملوں نے علاقے میں خطرات کو بڑھا دیا ہے، جس کے بارے میں آنے والے دور میں مزید مشکلات کا امکان ہے۔ایردوان نے سینیگال کے ساتھ مذاکرات میں سلامتی، دفاعی صنعت، اور فیتو دہشت گرد تنظیم کے خلاف اقدامات پر بات چیت کی۔ انہوں نے سینیگال کے ساتھ باہمی تجارتی حجم کو 500 ملین ڈالر تک پہنچانے اور ترک کمپنیوں کی 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا ذکر بھی کیا۔ سینیگال کے صدر نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔