ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان 30اکتوبر کو لندن کے اپنے سرکاری دورے کے دوران برطانیہ کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی ترکیہ کی تیاری کا اعادہ کریں گے۔ یہ حاقان فیدان کا لیبر پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد لندن کا پہلا دورہ ہوگا، جہاں وہ خارجہ سیکرٹری ڈیوڈ لیمے اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔
ترکیہ اور برطانیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری 2007 سے جاری ہے، اور بریگزٹ کے بعد ان کے تعلقات مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ حاقان فیدان دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر تجارت، اقتصادی تعاون اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں ترقی پر اطمینان کا اظہار کریں گےـ
دورے کے دوران، دونوں وزرائے خارجہ دفاعی صنعت میں تعاون کے دائرے کو بڑھانے کے لیے بھی بات چیت کریں گے۔
حاقان فیدان اور ڈیوڈ لیمے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی، یوکرین میں روسی قبضےاور اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔