یمنی فوج کا حوثیوں پر 24 گھنٹوں میں 1326 حملوں اور 370 جنگجوؤں کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ
صنعا( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف ۲۴ گھنٹوں کے دوران ۱۳۲۶ حملے کیے گئے، جن میں تقریباً ۳۷۰ جنگجو ہلاک یا لڑنے کے قابل نہیں رہے، جبکہ متعدد فوجی گاڑیوں اور عسکری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ’’یمن کی صبح‘‘ نامی کارروائی کے دوران حوثیوں کے اجتماعات، فوجی گاڑیوں، محفوظ ٹھکانوں اور فائرنگ کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں جنگی طیاروں اور بغیر پائلٹ طیاروں نے بھی حصہ لیا۔فوجی بیان کے مطابق مارب کے مغرب میں مشرقی محاذ پر سرکاری دستوں نے پیش قدمی کی، جبکہ جنوبی اور مغربی محاذوں پر دباؤ بڑھا کر حوثیوں کی نقل و حرکت، کمک پہنچانے اور فوجی صف بندی کی صلاحیت محدود کرنے کی کوشش کی گئی۔یمنی فوج کا مزید کہنا ہے کہ تعز میں سرکاری فورسز اور عوامی مزاحمتی گروپ نے متعدد اہم مقامات پر قبضہ کرکے بھاری ہتھیار اور فوجی سازوسامان بھی تحویل میں لے لیا۔ جنگجوؤں کی ہلاکتوں اور انہیں لڑائی سے باہر کرنے کے اعداد و شمار ابتدائی جائزے پر مبنی ہیں۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں میں تصدیق کے بعد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور شہریوں و ان کی تنصیبات کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔