خلیج تعاون کونسل کی سعودی عرب سے یکجہتی، حوثی حملوں کی شدید مذمت

خلیج تعاون کونسل کی سعودی عرب سے یکجہتی، حوثی حملوں کی شدید مذمت

منامہ( مانیٹرنگ ڈیسک) خلیج تعاون کونسل نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کونسل کے وزارتی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا نے حرمین شریفین کے اطراف، شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے جانی نقصان ہوا اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔اعلامیے میں ان کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔کونسل نے واضح کیا کہ رکن ممالک کی سلامتی مشترکہ ہے اور کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت تمام رکن ممالک کے خلاف کارروائی تصور ہوگی۔ اعلامیے میں سعودی عرب کی جانب سے اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت بھی دہرائی گئی۔خلیج تعاون کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ یمن اور حوثی ملیشیا سے متعلق قراردادوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور حوثیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کے ذرائع روکنے کے لیے پابندیوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔اعلامیے میں حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اسے میزائلوں و بغیر پائلٹ طیاروں کے حصول میں مدد دینے والے ذرائع بند کرنے پر بھی زور دیا گیا۔کونسل نے سلامتی کونسل کے ۱۵ اکتوبر ۲۰۲۶ کے صدارتی بیان کا خیرمقدم کیا، جس میں سعودی عرب اور آرامکو کی تنصیبات پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کے حقِ دفاع کی توثیق کی گئی تھی۔اعلامیے کے اختتام پر یمن کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بحران کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور مفاہمت کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.