کینیڈا کے فوجی اڈے پر دھماکے اور آتش زدگی، ترکیہ کا اظہارِ افسوس
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے کینیڈا کے صوبے البرٹا میں فوجی اڈے پر دھماکے اور آتش زدگی کے نتیجے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترک وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور کینیڈا کے عوام سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی کے مطابق دھماکے کے بعد بھڑکنے والی شدید آگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ درجنوں دیگر شدید زخمی ہوئے۔ انہوں نے اس واقعے کو امن کے زمانے میں کینیڈا کی سرزمین پر مسلح افواج کے لیے پیش آنے والے بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیا۔یہ دھماکا ہفتے کی دوپہر کینیڈا کے فوجی اڈے وین رائٹ میں ہوا، جو ایڈمنٹن سے تقریباً ۲۰۰ کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں اور شعلے تربیتی علاقے سے آگے پھیل گئے۔کینیڈا کے وزیرِ دفاع ڈیوڈ میک گنٹی نے بھی واقعے میں جانی نقصان کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ہلاکتوں کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے صورتِ حال کو حساس اور مسلسل جاری قرار دیا۔