آذربائیجان کے سفیر نے ملائیشیا کے بادشاہ کو سفارتی اسناد پیش کردیں
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے ملائیشیا میں نامزد سفیر خضر فرہادوف نے ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کی امید ظاہر کی گئی ہے۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسناد پیش کرنے کی تقریب کے دوران سفیر نے صدر الہام علیوف کی جانب سے ملائیشیا کے بادشاہ کو سلام اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔خضر فرہادوف نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر دونوں دوست اور برادر ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم نے بھی صدر الہام علیوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے آذربائیجان کے عوام کی خوشحالی، سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی۔سلطان ابراہیم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملائیشیا اور آذربائیجان کے درمیان مستحکم دوستانہ روابط اور باہمی تعاون مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔