آذربائیجان اور جارجیا کے درمیان سیاسی روابط اور اقتصادی تعاون میں وسعت
تبلیسی( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے جارجیا میں سفیر فائق قلیوف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے سیاسی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون میں توسیع کا عکاس ہیں۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سفیر نے تبلیسی میں ’’جارجیا، آذربائیجان: تزویراتی شراکت داری اور مشترکہ مستقبل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان، حکومتی عہدیداروں اور پارلیمان کے صدور کے درمیان مسلسل رابطے سیاسی مکالمے کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں۔فائق قلیوف نے بتایا کہ آذربائیجان اور جارجیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے لیے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن بھی کام کر رہا ہے۔ یہ ادارہ باہمی سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی حجم میں اضافے اور تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔