آذربائیجان کے سفیر رامز حسنوف کو اسپین میں دو اہم اعزازات سے نواز دیا گیا
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے اسپین میں سفیر رامز حسنوف کو سفارتی خدمات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر دو اہم اعزازات سے نوازا گیا ہے۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سفارت خانے نے بتایا کہ رامز حسنوف کو ۲۵ جون کو ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں واقع شاہی مسلح افواج کی الکاثار فوجی رہائش گاہ میں منعقدہ تقریب کے دوران سلطنتِ استوریاس کے شاہی معززین کے ادارے کا طلائی تمغۂ اعزاز دیا گیا۔یہ تقریب قومی سلامتی کے تزویراتی تعاون کی تنظیم اور سلطنتِ استوریاس کے سفارتی فورم کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔منتظمین نے رامز حسنوف کی طویل سرکاری خدمات، سفارتی سرگرمیوں، عالمی تعاون کے فروغ اور اسپین میں آذربائیجان کی مؤثر نمائندگی کے لیے کوششوں کو سراہا۔تقریب کے منتظمین کے مطابق یہ اعزاز آذربائیجان اور اسپین کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفیر کی خدمات کا اعتراف ہے۔