شی جن پنگ کا اسرائیل فلسطین امن مذاکرات بحال کرنے پر زور
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دو ریاستی حل کو مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کی بنیاد قرار دیا ہے۔اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے بحران کا بنیادی معاملہ ہے، اس لیے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے امن مذاکرات بحال کیے جائیں۔چینی صدر نے خطے میں جامع جنگ بندی، کشیدگی کے خاتمے اور تمام ممالک کی خودمختاری و سلامتی کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازعات سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے غزہ کی تعمیر نو اور مغربی کنارے کے انتظام میں فلسطینیوں کی حکمرانی کے اصول کو ملحوظ رکھنے پر بھی زور دیا۔ شی جن پنگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری سے شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔