اردوان اور برازیلی صدر کا دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
استنبول( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان اور برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ترکیہ کے صدارتی محکمۂ اطلاعات کے مطابق اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مسلسل پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو دہائیاں قبل قائم ہونے والی مضبوط بنیادوں کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔ترک صدر نے کہا کہ سرمایہ کاری، تجارت اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پسندانہ رجحانات کے دور میں ترکیہ اور برازیل معاشی تعاون کا ایسا مثالی ماڈل تشکیل دے سکتے ہیں جو دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی میں معاون ہو۔اردوان نے مزید کہا کہ علاقائی اور عالمی مسائل پر ترکیہ اور برازیل کی امن پر مبنی پالیسیاں عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔