ترکیہ میں قومی یکجہتی کیلئے چار ذیلی کمیشن قائم
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی سے متعلق قانون پر عملدرآمد کو مربوط بنانے کے لیے چار ذیلی کمیشن قائم کردیئے۔ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کی سربراہی میں نگرانی و جائزہ بورڈ کے پہلے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں قانون پر عملدرآمد میں شریک سرکاری اداروں کی سرگرمیوں میں ہم آہنگی اور بورڈ کے طریقۂ کار سے متعلق اصول و ضوابط طے کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں وزیر انصاف، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور وزیر قومی دفاع سمیت صدارتی انتظامی امور کے سربراہ، قومی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ اور قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری جنرل نے شرکت کی۔بورڈ نے قانونی و عدالتی امور رابطہ ذیلی کمیشن، نگرانی و جائزہ ذیلی کمیشن، سماجی ہم آہنگی و انضمام ذیلی کمیشن اور اسلحہ تلفی و تزویراتی رابطہ ذیلی کمیشن قائم کیے۔بیان کے مطابق ترکیہ اور خطے سے دہشت گردی و تشدد کے مکمل خاتمے، اسلحے کے معاملے کو ایجنڈے سے ہٹانے اور بھائی چارے کے فروغ کا عمل ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔