ترکیہ خبر

ایران جنگ جلد ختم ہوگی، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

ایران جنگ جلد ختم ہوگی، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور وہ خود اس جنگ کے خواہاں نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسی خطرے کے پیش نظر جنگ ناگزیر ہوئی، تاہم امریکا کے پاس دنیا کی بہترین فوج موجود ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام اچھے لڑاکا ہیں مگر ان کی بحری قوت کو ختم کر دیا گیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے جنگ میں اپنی برتری ثابت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران میں جاری جنگ دو ماہ کے اندر اختتام پذیر ہو سکتی ہے اور یہ بہتر انداز میں ختم ہوگی، جبکہ امریکا اپنی فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔امریکی صدر نے داخلی معاملات پر بات کرتے ہوئے سابق دور حکومت میں مہنگائی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی معاشی پالیسیوں سے عوام کو ریلیف ملا ہے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر بھی معاشی تعاون میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔