ترکیہ اور جنوبی کوریا کا جوہری بجلی گھروں کی مالی معاونت پر تعاون کا معاہدہ
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ اور جنوبی کوریا نے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے مالی وسائل کی فراہمی میں باہمی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔اس معاہدے کا اعلان سیول میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔صدر اردوان نے بتایا کہ ان کی انفرادی ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تعلقات آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال کے 11 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کو بڑھا کر 15 ارب ڈالر تک پہنچانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔ترک صدر کے مطابق انقرہ اور سیول عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے جزیرہ نما کوریا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات کی حمایت کا اظہار کیا۔اردوان نے دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ترکیہ کے فرطینہ توپ خانے اور آلتے جنگی ٹینک جیسے مزید منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے بھی دفاعی صنعت میں دونوں ممالک کا اشتراک مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔