عالمی تجارت کو بلاتعطل رکھنے کیلئے متبادل راستوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے: اردوان
انقرہ (تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے نئے تجارتی راستے اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔صدر اردوان نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال نے عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے نظام کی کمزوریوں کو واضح کردیا ہے، اس لیے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ متبادل تجارتی راہداریوں کی تعمیر ناگزیر ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی عالمی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارتی گزرگاہوں کو لاحق خطرات کا مقابلہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے کیا جانا چاہیے تاکہ عالمی معیشت کو ممکنہ نقصان سے بچایا جاسکے۔ترک صدر نے مزید کہا کہ ترکیہ ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارتی روابط کو مستحکم بنانے اور نئے راستوں کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت کو محفوظ اور بلاتعطل رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا قیام اب وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔