اسرائیلی جارحیت سے عالمی معیشت دباؤ کا شکار، توانائی کے تحفظ کیلئے علاقائی تعاون ناگزیر
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے کہا ہے کہ اسرائیل کی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگوں نے عالمی توانائی کی قیمتوں اور قومی معیشتوں پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔استنبول کانگریس سینٹر میں اسلامی تعاون تنظیم کی اقتصادی و تجارتی تعاون کی قائمہ کمیٹی کے 42ویں وزارتی اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگوں کے اثرات عالمی توانائی کی قیمتوں اور ملکی معیشتوں پر واضح طور پر مرتب ہورہے ہیں۔جودت یلماز نے کہا کہ موجودہ صورتحال نے توانائی کے ذرائع اور ترسیلی راستوں میں تنوع پیدا کرنے کے ساتھ علاقائی تعاون مضبوط بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کردی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی روکنا، غزہ کی تعمیر نو اور عالمی سطح پر مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھنا بنیادی ذمہ داریاں ہیں۔