ترکیہ خبر

اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات، سکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات، سکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد ( ترکیہ خبر) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد باقاعدہ مذاکراتی عمل دس اپریل سے شروع ہو رہا ہے، جس کے لیے دونوں ممالک کے وفود اور سکیورٹی عملہ پاکستان پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ کے اعلان کے مطابق محمد باقر قالیباف کریں گے، جبکہ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے۔مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں دو روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق مذاکرات میں شریک وفود کو ریڈ زون میں واقع ایک اعلیٰ درجے کے ہوٹل میں ٹھہرایا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی کے پیش نظر ریڈ زون کی حدود کو زیرو پوائنٹ سے لے کر فیصل مسجد تک توسیع دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس حساس علاقے میں پارلیمنٹ ہاؤس، ایوان صدر، وزیر اعظم ہاؤس اور سفارتی علاقہ بھی شامل ہے، جہاں مختلف ممالک کے سفارت خانے قائم ہیں۔