ترکیہ کو ’میڈ اِن یورپی یونین‘ پالیسی میں شامل رکھا جائے: وزیر تجارت
استنبول ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی ’’میڈ اِن یورپی یونین‘‘ پالیسی میں ترکیہ کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے، کیونکہ موجودہ کسٹمز یونین کے تحت ترکیہ اور یورپی یونین کی صنعتی پیداوار گہری باہمی وابستگی رکھتی ہے۔عمر بولات نے ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر بیان میں کہا کہ ترکیہ اس بات کی اہمیت اجاگر کرے گا کہ ’’میڈ اِن یورپی یونین‘‘ پالیسی پر عمل درآمد کے دوران کسٹمز یونین میں ترکیہ کی شمولیت اور دونوں فریقوں کے درمیان پیداواری انضمام کو بھی مدنظر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ ترک اور یورپی صنعتوں کے مشترکہ مستقبل کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا رہا ہے اور اٹلی کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔وزیر تجارت کے مطابق گاڑیوں اور مشینری سے لے کر گھریلو برقی آلات، دفاع اور ہوا بازی تک ترک کمپنیاں یورپ کی سپلائی چین کا اہم حصہ ہیں۔