امریکی ایوانِ نمائندگان سے فنڈنگ بل منظور، 75 روزہ حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے قریب
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ایوانِ نمائندگان نے ہوم لینڈ سکیورٹی کی فنڈنگ سے متعلق بل منظور کر لیا ہے، جس کے بعد 75 روز سے جاری جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق بل میں ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن سمیت اہم وفاقی اداروں کی بحالی شامل ہے، اور اس کا مقصد تقریباً 11 ہفتوں سے جاری مالی تعطل کو ختم کرنا ہے۔یہ بل اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے لیے ارسال کر دیا گیا ہے، جن کے آج ہی اس پر دستخط کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق اس پیش رفت سے قبل ریپبلکن جماعت کو اندرونی اختلافات کا سامنا تھا، جہاں پارٹی قیادت کو بعض معتدل ارکان کی مخالفت کے باعث مشکلات پیش آئیں۔ایوان میں بل کی منظوری وائس ووٹ کے ذریعے دی گئی، جس میں وفاقی امیگریشن نافذ کرنے والے اداروں کے لیے اضافی فنڈنگ شامل نہیں کی گئی، جسے ڈیموکریٹس نے اپنی کامیابی قرار دیا ہے۔