امریکہ کا ایران پر دباؤ کے لیے آئل ٹینکروں پر قبضے کے آپشن پر غور

1 ماہ قبل
امریکہ کا ایران پر دباؤ کے لیے آئل ٹینکروں پر قبضے کے آپشن پر غور

وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حکام کے مطابق امریکی انتظامیہ ایران کو معاہدے پر مجبور کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے، جن میں تہران کے تیل لے جانے والے مزید بحری جہازوں کو قبضے میں لینا بھی شامل ہے۔امریکی اخبار "وال اسٹریٹ جرنل" کے مطابق وزارت خزانہ نے اس سال ایرانی تیل کی ترسیل کرنے والے 20 سے زائد جہازوں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر قبضے میں لیا جا سکتا ہے۔واشنگٹن میں قائم انسٹیٹیوٹ فار سائنس اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی نے اطلاع دی ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر سے ایران کے اصفہان جوہری مقام کی طرف جانے والے سرنگوں کو مٹی تلے دبا دیا گیا ہے، جس سے ایران کی امریکی یا اسرائیلی حملوں سے تشویش ظاہر ہوتی ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو واشنگٹن پہنچ چکے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ ان کی بات چیت کا محور سیکورٹی اور علاقائی مسائل ہوں گے، جن میں ایران اور فلسطینی علاقوں کی صورتحال شامل ہے۔ملاقات سے قبل نیتن یاہو نے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ایران کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال اور کسی ممکنہ معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی اخبار "یدیعوت آحرونوت" کے مطابق فریقین نے علاقائی امور پر بھی بات کی اور گذشتہ جمعے کو ایران کے ساتھ مذاکرات کے پہلے دور کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات سے تناؤ موجود ہے اور امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری معاملے پر مذاکرات جاری ہیں۔