واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حکام نے ایران کی پاسداران انقلاب کور کے تین سابق ارکان کو ملک بدر کر کے واپس ایران بھیج دیا۔ امریکی محکمہ داخلی سلامتی کے مطابق یہ افراد غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔محکمہ داخلی سلامتی نے بیان میں بتایا کہ تینوں سابق پاسداران ارکان کو پیر کے روز ہی ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا، تاہم اس اقدام کا باضابطہ اعلان اگلے روز کیا گیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں جاری مظاہروں کی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں اور ایران کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔امریکہ اور مغربی ممالک سے وابستہ غیر سرکاری تنظیموں کا الزام ہے کہ پاسداران انقلاب کور نے ایران میں مظاہرین کو طاقت کے ذریعے قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2019 میں پاسداران انقلاب کور کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔محکمہ داخلی سلامتی کے بیان کے مطابق ملک بدر کیے گئے افراد میں احسان خالدی، محمد مہرانی اور مرتضیٰ نصیری کاکولاکی شامل ہیں، جو 2024 میں غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ملک میں خود کو محفوظ محسوس کریں اور انہیں کسی بیرونی خطرے کا سامنا نہ ہو۔ تاہم حکام نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ افراد امریکہ میں کن سرگرمیوں میں ملوث رہے۔
امریکہ نے ایران کے تین سابق پاسداران ارکان ملک بدر کر دیے
2 ماہ قبل