انڈر 19 فائنل: بھارتی رویے پر پی سی بی کا سخت ردعمل

3 ماہ قبل
انڈر 19 فائنل: بھارتی رویے پر پی سی بی کا سخت ردعمل


لاہور( ترک خبر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کے مبینہ غیر مناسب اور اشتعال انگیز رویے کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل میں باضابطہ طور پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فائنل میچ کے دوران بھارتی کھلاڑی بار بار پاکستانی ٹیم کو اشتعال دلانے کی کوشش کرتے رہے، جو کھیل کے ضابطوں اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ اس معاملے سے آئی سی سی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ کرکٹ کو احترام، مثبت مقابلے اور کھیل کے جذبے کے تحت کھیلا جانا چاہیے، نہ کہ ایسے طرزِ عمل کے ساتھ جو ماحول کو کشیدہ کرے۔انہوں نے زور دیا کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھا جانا ضروری ہے، جبکہ میدان میں کھلاڑیوں کا رویہ نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے بھی فائنل کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو افسوسناک اور غیر اخلاقی قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے فتح کے باوجود تحمل اور وقار کا مظاہرہ کیا۔سرفراز احمد کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کا طرزِ عمل ان کی اپنی ذمہ داری تھی، جبکہ پاکستان ٹیم نے نظم و ضبط، اسپورٹس مین اسپرٹ اور مثبت سوچ کے ساتھ کھیل کر ایک بہتر مثال قائم کی۔