سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، حقِ دفاع کی حمایت
نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کے حقِ دفاع کی توثیق کر دی ہے۔سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے متفقہ بیان میں سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے حملوں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔بیان میں سعودی ہوائی اڈوں اور سعودی آرامکو کی تنصیبات پر حوثی حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب پر ان حملوں کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے۔سلامتی کونسل نے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کو حوثیوں کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔ کونسل نے آزادانہ جہاز رانی یقینی بنانے اور بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرنے پر زور دیا۔سلامتی کونسل نے حوثیوں کو اسلحہ، مالی وسائل اور تکنیکی معاونت کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یمن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔ بیان میں سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 پر مکمل عمل درآمد پر بھی زور دیا گیا۔سلامتی کونسل کے اس متفقہ مؤقف میں سعودی عرب کی سلامتی، علاقائی استحکام اور بحیرہ احمر میں آزادانہ بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو اہم قرار دیا گیا ہے۔