ترکیہ کا باکو اعلامیے کا خیرمقدم، ایشیا میں امن و استحکام کے عزم کی توثیق
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے ایشیا میں باہمی تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (سیکا) کے ساتویں سربراہی اجلاس میں منظور کیے گئے باکو اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ رکن ممالک نے ایشیا میں امن، خوشحالی اور استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترک وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر جاری بیان میں لاؤس کو سیکا کا 29واں رکن تسلیم کیے جانے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ تنظیم کی توسیع سے اس کی کارکردگی اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔بیان کے مطابق سربراہی اجلاس میں منظور کردہ باکو اعلامیے کے ذریعے رکن ممالک نے علاقائی سطح پر مشترکہ تعاون اور خودمختار علاقائی قیادت کے اصولوں کے تحت ایشیا میں امن، خوشحالی اور استحکام کے تحفظ کے عزم کی دوبارہ توثیق کی۔ترک وزارت خارجہ نے آذربائیجان کی سربراہی کی مدت 2026 سے 2028 تک بڑھانے کے فیصلے کو بھی سراہا۔ وزارت کے مطابق اس اقدام سے سیکا کو ایک مکمل بین الاقوامی تنظیم میں تبدیل کرنے کے عمل کے دوران ادارہ جاتی تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔بیان میں سیکا کے سیکریٹری جنرل سفیر قیرات ساری بائی کی مضبوط اور مخلصانہ قیادت کو بھی سراہا گیا اور تنظیم کے بین الاقوامی اثرورسوخ میں اضافے کے لیے ان کی خدمات پر اظہار تشکر کیا گیا۔