آذربائیجان کے خلاف ہائبرڈ حملوں میں غیر معمولی اضافہ، پارلیمانی کمیشن کا بیان
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کی پارلیمان کے غیر ملکی مداخلت اور ہائبرڈ خطرات کے خلاف قائم عارضی کمیشن نے کہا ہے کہ صدر الہام علیوف کی مدبرانہ قیادت میں ملک کا ایک درمیانی درجے کی طاقت کے طور پر ابھرنا، فعال خارجہ پالیسی، عالمی سطح پر بڑھتا اثرورسوخ، بین الاقوامی توانائی کے تحفظ میں کردار، علاقائی تجارتی و ٹرانزٹ راہداریوں میں تزویراتی اہمیت اور داخلی سیاسی و اقتصادی استحکام کے باعث بیرونی عناصر کی جانب سے آذربائیجان کے خلاف ہائبرڈ حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمیشن نے ملک کے خلاف جاری ہائبرڈ حملوں کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں ان خدشات کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ خطے میں جاری جنگوں اور کشیدگی کے باوجود آذربائیجان کو استحکام کے ایک جزیرے کی حیثیت حاصل ہے، تاہم حالیہ عرصے میں ملک کو غیر معمولی پیمانے پر اور بیک وقت مذہبی و نظریاتی اشتعال انگیزی، منظم اطلاعاتی کارروائیوں اور سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔