طالبان کا واخان منصوبہ ناقابلِ عمل، چین سے تجارتی رابطے کے امکانات محدود
برسلز( مانیٹرنگ ڈیسک) ریڈیو فری یورپ نے طالبان حکومت کے واخان منصوبے کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس راستے کے ذریعے چین کے ساتھ جلد تجارتی روابط قائم ہونے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت نے 4 اکتوبر کو واخان سڑک کا افتتاح کیا تھا، تاہم چینی ماہرین کا خیال ہے کہ اس سرحد کو جلد کھولنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کے مطابق واخان منصوبہ حقیقی تجارتی رابطے کے بجائے زیادہ تر علامتی اور نمائشی اہمیت رکھتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سطح سمندر سے تقریباً 4 ہزار 800 میٹر بلند درہ سال میں صرف تین ماہ گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل رہتا ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان کی محدود معاشی سرگرمیوں کے باعث چین کے لیے اس راستے کی تجارتی افادیت بھی بہت کم ہے۔رپورٹ کے مطابق افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خطرات بھی سرحد کھولنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، جبکہ ان خطرات کو ممکنہ معاشی فوائد سے زیادہ سنگین قرار دیا گیا ہے۔