ترکیہ خبر

سلامتی کونسل جنوبی سوڈان امن مشن مدت میں توسیع منظور

سلامتی کونسل جنوبی سوڈان امن مشن مدت میں توسیع منظور

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں تعینات امن مشن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مشن 30 اپریل 2027ء تک جاری رہے گا۔سلامتی کونسل میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران 15 میں سے 13 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جن میں پاکستان بھی شامل تھا، جبکہ چین اور روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔جنوبی سوڈان 2011ء میں آزادی کے بعد سے مسلسل سیاسی عدم استحکام اور انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث عالمی برادری نے امن مشن کے تسلسل کو ضروری قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن مشن کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے حق میں ہے، تاہم مجوزہ تبدیلیوں پر بعض تحفظات بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ زمینی صورتحال میں فوجیوں کی تعداد میں کمی مناسب نہیں ہوگی کیونکہ اس سے شہریوں کے تحفظ اور مشن کی مؤثریت متاثر ہو سکتی ہے۔قرارداد کے مطابق مشن کے بنیادی فرائض میں شہریوں کا تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی، امن معاہدے پر عملدرآمد میں مدد اور انسانی حقوق کی نگرانی شامل ہے، جبکہ سلامتی کونسل نے ان ترجیحات کو برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔