متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے ڈپازٹ کی توسیع منظور کر دی

1 ماہ قبل
متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے ڈپازٹ کی توسیع منظور کر دی

اسلام آباد( ترکیہ خبر) متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں دو ماہ کی توسیع پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اس رقم کو 17 اپریل 2026 تک رول اوور کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کو عارضی مالی سہارا ملے گا۔ توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی گئی ہے اور متعلقہ حکام کی باقاعدہ منظوری جلد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلیٰ اماراتی حکام سے رابطہ کیا اور موجودہ مالی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ اسحاق ڈار خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام آئی ایم ایف کے تیسرے جائزہ مذاکرات کے دوران اہم پیش رفت ہے، اور پاکستان آئی ایم ایف کے معاہدے مکمل ہونے کے بعد طویل مدتی رول اوور کے لیے دوبارہ رابطہ کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ رول اوور کی مدت کا تعین قرض دینے والے ملک کے اختیار میں ہے اور پاکستان کے بیرونی مالیاتی پروفائل میں کوئی خلا موجود نہیں۔