پولینڈ کے مواصلاتی مرکز کو آگ لگانے کا شبہ، جرمنی میں دو ترک شہری گرفتار
برلن( مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی میں پولینڈ کے مصنوعی سیاروں کے مواصلاتی مرکز کو نذرِ آتش کرنے کے شبہے میں دو ترک شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو خفیہ اور تخریبی کارروائیوں پر مشتمل غیر روایتی جنگ کا حصہ قرار دیا ہے۔پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیئرونسکی کے مطابق گرفتار ملزمان کو تخریب کاری اور غیر ملکی خفیہ ادارے کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں پولینڈ اور جرمنی کے سلامتی سے متعلق اداروں کے باہمی تعاون سے عمل میں آئیں۔وسطی پولینڈ کے علاقے مازوویا میں قائم یہ مرکز سرکاری مواصلاتی کمپنی ایکساٹیل کی ملکیت ہے اور پولینڈ کے علاوہ یوکرین تک انٹرنیٹ رابطوں کی ترسیل کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ستمبر کے آخری ایام میں آتش زدگی کے واقعے کے باوجود مرکز کی سرگرمیاں جاری رہیں۔ پولینڈ حکام کو شبہ ہے کہ اس کارروائی کا مقصد یوکرینی فوج سمیت مختلف اداروں کی انٹرنیٹ سہولت متاثر کرنا ہوسکتا تھا۔تاہم حکام نے اب تک اس تخریبی کارروائی میں کسی غیر ملکی ریاست کے ملوث ہونے کی حتمی تصدیق نہیں کی۔