ترکیہ اور کینیڈا میں دفاعی تعاون بڑھانے کا معاہدہ
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ اور کینیڈا نے دفاعی شعبے میں شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے۔ ترک حکام کے مطابق یہ معاہدہ نیٹو کے دونوں رکن ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ترکیہ کے دفاعی صنعتوں کے ادارے کے سربراہ ہالوک گورگون نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط دونوں اتحادی ممالک کے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کی عملی مثال ہیں۔ہالوک گورگون نے بتایا کہ انہوں نے کینیڈین وزیراعظم مارک کارنے کے سرکاری استقبالیہ میں شرکت کی، جس کی میزبانی ترک صدر رجب طیب اردوان نے کی۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے دوطرفہ مذاکرات میں بھی وہ شریک ہوئے۔انقرہ میں ہونے والی بات چیت کے دوران نیٹو کے اتحادی کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ گفتگو میں دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ بھی شامل تھا۔گورگون کے مطابق ان سفارتی سرگرمیوں کے دوران انہوں نے ترکیہ اور کینیڈا کے درمیان دفاعی شعبے میں شراکت داری سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترک صدر کی قیادت میں دفاعی صنعت ملک کی اہم ترین تزویراتی قوتوں میں سے ایک بن چکی ہے، جبکہ دفاعی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے اور ترکیہ کے تیار کردہ دفاعی نظام بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں ثابت کرچکے ہیں۔