کینیڈا اور ترکیہ کا اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ، آزاد تجارت پر بھی مذاکرات ہوں گے
انقرہ( تر کیہ خبر) کینیڈا اور ترکیہ نے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے تحت تجارت، دفاع، توانائی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔یہ معاہدہ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنے کے ترکیہ کے پہلے دوطرفہ دورے کے دوران انقرہ میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے موقع پر طے پایا۔ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات کا پہلا دور آئندہ ماہ شروع ہوگا۔دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھاری محصولات عائد کرنے اور کینیڈا کی خودمختاری سے متعلق بیانات کے بعد وزیراعظم مارک کارنے امریکا پر انحصار کم کرنے اور عالمی سطح پر نئے تجارتی شراکت دار تلاش کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔معاہدے کے تحت کینیڈا اور ترکیہ دفاع، سلامتی، جوہری توانائی، اہم معدنیات اور مائع قدرتی گیس سمیت متعدد شعبوں میں روابط مضبوط بنائیں گے۔ اس شراکت داری کا مقصد باہمی تعاون کو وسعت دینا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔