ترک خاتونِ اول کی ازبکستان میں امام بخاریؒ کے مزار پر حاضری
سمرقند( تر کیہ خبر) ترکیہ کی خاتونِ اول امینہ اردوان نے جمعرات کو ازبکستان کے شہر سمرقند میں امام بخاریؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وہ بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ازبکستان میں موجود ہیں۔عالمی اجلاس ’’بچوں کی فلاح میں سرمایہ کاری: آنے والی نسلوں کی پائیدار اور منصفانہ ترقی کی جانب‘‘ کے موقع پر امینہ اردوان نے امام بخاریؒ کے یادگاری کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے عجائب گھر بھی دیکھا، جہاں تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا اور علمِ حدیث کی ممتاز اسلامی شخصیت امام محمد بن اسماعیل بخاریؒ کی زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔امینہ اردوان نے ترکیہ کے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’این سوسیال‘‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ سمرقند میں امام بخاریؒ کے یادگاری کمپلیکس میں انہیں ایک روحانی سفر کا تجربہ حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی مقام کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، جہاں اس عظیم عالم کی یاد محفوظ ہے جنہوں نے اپنی زندگی علمِ حدیث کے لیے وقف کردی تھی۔ترکیہ کی خاتونِ اول نے مزید کہا کہ وہ امام بخاریؒ کو عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد کرتی ہیں، جن کی بے مثال تصانیف نے اسلامی تہذیب کو مالا مال کیا اور صدیوں سے انسانیت کی رہنمائی کررہی ہیں۔اس دورے میں نون ایجوکیشن اینڈ کلچر فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن اسرا البیراک، ازبک صدر شوکت مرزایوف کی اہلیہ زیروعت مرزایوفا، لبنان کے صدر کی اہلیہ نعمت عون، کرغزستان کے صدر کی اہلیہ ایگل جپاروفا اور پاکستانی وزیراعظم کی صاحبزادی عائشہ ہارون بھی شریک تھیں۔