آذربائیجان اور اٹلی کا صنعتی تعاون، معدنیات اور مصنوعی ذہانت میں شراکت داری پر غور

آذربائیجان اور اٹلی کا صنعتی تعاون، معدنیات اور مصنوعی ذہانت میں شراکت داری پر غور

باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیرِ اقتصادیات میکائیل جباروف نے اٹلی کے دورے کے دوران وزیر برائے کاروباری امور و ’’میڈ اِن اٹلی‘‘ ایڈولفو اُرسو سے ملاقات کی، جس میں صنعتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آذرتاج کے مطابق ملاقات میں اٹلی کی کمپنیوں کی آذربائیجان میں سرگرمیوں، نئے مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور باہمی کاروباری تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اٹلی کی ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آذربائیجان کی غیر تیل و گیس صنعت کو ترقی دینے کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی گئی۔دونوں فریقوں نے کان کنی، دھات سازی، اہم معدنیات، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں شراکت داری کے امکانات پر غور کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پیداواری عمل کو جدید بنانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور زیادہ قدر افزا مصنوعات کی تیاری کے لیے کاروباری روابط کو وسعت دینا ضروری ہے۔ملاقات میں مشترکہ منصوبوں کی معاونت کے لیے اٹلی کے مالیاتی اور سرمایہ کاری کے اداروں کے ساتھ تعاون کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے۔دورے کے دوران آذربائیجان کے وزیرِ اقتصادیات نے توانائی کمپنی ’’اینی‘‘ کے چیف ایگزیکٹو کلاڈیو ڈیسکالزی سے بھی ملاقات کی، جس میں آذربائیجان کی سرکاری تیل کمپنی سوکار اور اینی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں نئے اقدامات میں سوکار کی شرکت اور تیسرے ممالک میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے موجودہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ آذربائیجان میں حیاتیاتی ایندھن کی پیداوار سے متعلق مشترکہ آزمائشی منصوبے کی پیش رفت، توانائی کی منتقلی اور تکنیکی تجربات کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔واضح رہے کہ اٹلی کی بین الاقوامی توانائی کمپنی اینی دنیا کے مختلف ممالک میں تیل و گیس کی تلاش، پیداوار، ریفائننگ اور فروخت کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی، حیاتیاتی ایندھن اور کاربن کے اخراج میں کمی کے منصوبوں پر بھی کام کرتی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.