ترکیہ میں کرسمس اور نئے سال پر داعش حملوں کی سازش ناکام

3 ماہ قبل
ترکیہ میں کرسمس اور نئے سال پر داعش حملوں کی سازش ناکام

دمشق( مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے حکام نے سال کے اختتامی تعطیلات کے دوران دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہ میں داعش کے 115 مبینہ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔استنبول کے پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جن میں بتایا گیا تھا کہ داعش کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے دوران حملوں کا ارادہ رکھتی ہے۔پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ مجموعی طور پر 137 افراد کو حراست میں لینے کا حکم دیا گیا تھا، جن میں سے 115 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ افراد مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران پکڑے گئے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملک میں دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے کی گئی۔ترکیہ کی شام کے ساتھ تقریبا 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے، جہاں شدت پسند گروہ اب بھی سرگرم ہیں۔ شام میں دسمبر کے وسط میں داعش کے حالیہ حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک شہری ہلاک ہوئے تھے۔ حکام نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔دوسری جانب شامی حکام نے بتایا کہ امریکی قیادت میں قائم بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں دمشق کے علاقے سے داعش کے ایک سینیئر عہدیدار طہ الزوبی، المعروف ابو عمر طبیہ، کو ان کے کئی ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔