واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں جاری بحری آپریشن “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ کی قیمت 1.87 فیصد کمی کے بعد 100.4 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ برینٹ کروڈ 1.76 فیصد کمی کے ساتھ 107.9 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔ اسی طرح مربن کروڈ کی قیمت میں بھی 1.24 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ تقریباً 106 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگی۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد مارکیٹ میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی آئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہوئے اور تیل کی قیمتوں پر دباؤ میں کمی واقع ہوئی۔پروجیکٹ فریڈم کے تحت آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی رہنمائی اور بحری راستوں کی حفاظت کا انتظام کیا جا رہا تھا۔ یہ آبنائے عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی فوری طور پر عالمی تیل کی قیمتوں پر اثر ڈالتی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں صورتحال مستحکم رہتی ہے تو تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ممکن ہے، تاہم کسی بھی نئی کشیدگی کی صورت میں مارکیٹ دوبارہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ کے پروجیکٹ فریڈم کی عارضی معطلی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں