مظاہرین کو پھانسی دی تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

2 ماہ قبل
مظاہرین کو پھانسی دی تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو امریکا بھرپور کارروائی کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کا مشورہ بھی دے دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تمام مذاکرات ختم کر دیے گئے ہیں اور ایرانی حکام سے ملاقاتیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک قتل عام بند نہیں ہوتا، کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد روکنا ہوگا۔ایک صحافی کے سوال پر کہ مظاہرین کی مدد کیلئے کوئی آ رہا ہے تو اس کا کیا مطلب ہے، صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ اس کا مفہوم خود سمجھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ایرانی جوہری صلاحیت کو ختم کیا اور البغدادی اور قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو اپنی بڑی کامیابی قرار دیا۔اس سے قبل صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ایران میں احتجاج کرنے والوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مظاہرین احتجاج جاری رکھیں، مدد پہنچنے والی ہے، اور وہ ایرانی اداروں کا کنٹرول سنبھال لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں اور ظالموں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔صدر ٹرمپ کے بیان پر ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا اور امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کو ایرانی عوام کا قاتل قرار دیا۔