واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے ملاقات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین امن منصوبے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، تاہم کچھ مسائل ابھی حل طلب ہیں۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ زیلینسکی کے ساتھ ملاقات میں 20 نکاتی امن منصوبے کے کئی نکات پر بات چیت ہوئی اور وہ بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ یوکرینی صدر نے بھی ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ امریکا کی جانب سے دی جانے والی سکیورٹی ضمانتیں 100 فیصد طے پا چکی ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ سکیورٹی ضمانت تقریباً 95 فیصد مکمل ہو چکی ہے، لیکن وہ اس پر تفصیل سے بات نہیں کرنا چاہتے کہ معاملات کتنے فیصد تک طے ہو چکے ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی ملاقات مناسب وقت پر ممکن ہے اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے روسی صدر سے فون پر دو گھنٹے تیس منٹ تک تفصیلی گفتگو کی ہے اور پیوتن سہ فریقی ملاقات کے انعقاد کے حق میں ہیں۔ٹرمپ نے بتایا کہ ابھی کچھ غیر حل شدہ معاملات ہیں، جیسے ڈونباس میں فری ٹریڈ زون اور زمینوں کی ملکیت کے تنازعات، مگر وہ ان کے حل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ صدر نے کہا کہ اب معاہدہ کر لینا بہتر ہے اور یوکرین نے بہت بہادری دکھائی ہے، تاہم تنازع ختم کرنے کا وقت آ چکا ہے۔صدر ٹرمپ نے یوکرینی پارلیمنٹ میں خطاب کی پیشکش بھی کی ہے، جس پر زیلینسکی نے کہا کہ امریکا کا ہمیشہ خوش آمدید کہا جائے گا اور یہ تعاون مثبت ثابت ہوگا۔