ترکیہ خبر

ایران امریکا کو بلیک میل نہیں کر سکتا:ٹرمپ،طبی اصلاحات کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط

ایران امریکا کو بلیک میل نہیں کر سکتا:ٹرمپ،طبی اصلاحات کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنا چاہتا ہے لیکن وہ امریکا کو بلیک میل نہیں کر سکتا۔وائٹ ہاؤس میں طبی تحقیق سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کو اپنی کارروائیوں کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ٹرمپ نے اسپین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفاعی اخراجات میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور نیٹو میں بھی مناسب حصہ نہیں ڈال رہا۔ ان کے مطابق اسپین کی معیشت کمزور ہو چکی ہے اور اس کے پاس امریکا کی ضرورت کی کوئی خاص چیز نہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا اسپین کے فوجی اڈے استعمال کر سکتا ہے، تاہم انہوں نے موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔طبی شعبے سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حکومت صحت کے نظام میں اصلاحات لا رہی ہے، جس کے تحت ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 80 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ میں بھی کمی آئی ہے، جبکہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ان ادویات کی منظوری کے عمل کو تیز کرے گی جنہیں بریک تھرو تھراپی کا درجہ دیا جا چکا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اس ایگزیکٹو آرڈر کا مقصد سائیکڈیلک ادویات پر طبی تحقیق کو فروغ دینا ہے، تاکہ سابق فوجیوں میں پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر اور دیگر ذہنی امراض کے مؤثر علاج دریافت کیے جا سکیں اور جدید علاج جلد مریضوں تک پہنچایا جا سکے۔