ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، سنگین ردعمل کی دھمکی

2 ماہ قبل
ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، سنگین ردعمل کی دھمکی

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے اپنے حالیہ نسبتاً نرم مؤقف کے بعد ایک سخت اور سنگین انتباہ جاری کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تہران کی جانب سے انہیں نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کا جواب انتہائی سخت انداز میں دیا جائے گا۔بدھ کی شام نیوز نیشن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ کارروائی کی صورت میں فیصلہ کن ردعمل دیا جائے۔ ان کے مطابق یہ ہدایات اعلیٰ سطح پر موجود ہیں اور کسی بھی خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے اس موقع پر سابق صدر جو بائیڈن پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایسے معاملات میں سابق اور موجودہ صدور کو ایک دوسرے کی حمایت کرنی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کو اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ بائیڈن دور میں امریکی انٹیلیجنس حکام نے 2024 کی انتخابی مہم کے دوران صدر ٹرمپ کو ممکنہ خطرات سے متعلق بریفنگ دی تھی۔ سابق اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کے مطابق یہ خدشات ایران کے ہاتھوں 2020 میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہوئے تھے، جسے تہران کی جانب سے انتقامی کارروائیوں سے جوڑا جاتا رہا ہے۔