ترکیہ خبر

ٹرمپ کا ایران پر دوبارہ حملوں کا عندیہ

ٹرمپ کا ایران پر دوبارہ حملوں کا عندیہ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کے خاتمے اور ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکان کا عندیہ دے دیا ہے۔اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے، تاہم حالات کے مطابق اس کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں اور ایران تیل کی فروخت سے محروم ہے۔ ان کے مطابق ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے جبکہ اس کی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بڑی تعداد میں میزائل فیکٹریاں تباہ کی جا چکی ہیں اور ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے ایران کی قیادت کے حوالے سے بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اصل قیادت کے بارے میں واضح صورتحال موجود نہیں۔گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت ملنی چاہیے۔انہوں نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان مبینہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ماضی میں کئی جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپوں میں طیارے بھی تباہ ہوئے۔صدر ٹرمپ کے مطابق ایران سے متعلق صورتحال بہتر ہوتے ہی عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔