واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لیے پاکستان کے ذریعے ایران کی جانب سے ملنے والی نئی تجاویز پر انہیں اطمینان نہیں اور جب تک مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں ہوتے اس وقت تک صورتحال جاری رہے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ ایران سے فون پر رابطوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک کسی واضح پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق ایران معاہدہ چاہتا ہے لیکن وہ ایسے مطالبات کر رہا ہے جن پر اتفاق ممکن نہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ قیادت کو غیر واضح اور منقسم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں قیادت کے اندر ہم آہنگی موجود نہیں، مختلف رہنما مختلف باتیں کرتے ہیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ اصل اختیار کس کے پاس ہے۔انہوں نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔امریکی صدر نے پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے لیے احترام رکھتے ہیں۔