واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف کرپشن مقدمات میں معافی دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیتن یاہو کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور انہیں معافی دینا چاہیے، بصورت دیگر یہ شرمناک ہوگا۔ انہوں نے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اسرائیلی عوام کو اس معاملے پر آواز بلند کرنی چاہیے۔ادھر اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کی معافی کی درخواست زیر غور ہے اور اس بارے میں فیصلہ کسی بھی بیرونی یا اندرونی دباؤ کے بغیر آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جائے گا۔یاد رہے کہ نیتن یاہو کئی کرپشن مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور یہ معاملہ اسرائیل کی سیاست میں طویل عرصے سے زیر بحث ہے۔