ترکیہ خبر

امریکی صدر ٹرمپ کےفیلڈ مارشل عاصم منیر پسندیدہ شخصیت قرار، عرب میڈیا میں خصوصی کوریج

امریکی صدر ٹرمپ کےفیلڈ مارشل عاصم منیر پسندیدہ شخصیت قرار، عرب میڈیا میں خصوصی کوریج

اسلام آباد( ترکیہ خبر)دبئی سے شائع ہونے والے اخبار دا نیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں نے نہ صرف عالمی برادری کی توجہ حاصل کی ہے بلکہ پاکستانی عسکری قیادت کو بھی نمایاں حیثیت دی ہے۔ اخبار نے لکھا کہ موجودہ صورتحال میں توانائی کی ترسیل اور عالمی معیشت پر اثرات کے پیش نظر ثالثی کی کوششیں انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو غیر معمولی شخصیت قرار دیا تھا اور انہیں اپنا پسندیدہ فوجی رہنما بھی کہا گیا تھا۔اخبار نے سعودی عرب کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیے گئے اعلیٰ سول اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس سے ان کی بین الاقوامی پذیرائی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔تجزیاتی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان میں فوجی قیادت سنبھالنے سے قبل اہم انٹیلی جنس اداروں کی سربراہی کر چکے ہیں، جن میں انٹر سروسز انٹیلی جنس اور ملٹری انٹیلی جنس شامل ہیں۔مزید کہا گیا کہ گزشتہ سال خطے میں کشیدگی کے بعد حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی، جسے عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف قرار دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ان کے کردار کو اس وقت مزید توجہ مل رہی ہے جب خطے میں سفارتی کوششیں اور امن مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔