واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جاری وسیع احتجاجی مظاہروں کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں آزادی کی طرف بڑھنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ٹرمپ نے یہ بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اس وقت جس سطح کی آزادی چاہتے ہیں، وہ ماضی میں شاید کبھی اس انداز میں سامنے نہیں آئی، اور امریکہ ان کے ساتھ تعاون کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے تمام اکتیس صوبوں میں بدامنی کی لہر پھیلی ہوئی ہے، جو گزشتہ سال دسمبر کے اواخر سے مسلسل جاری ہے۔ مختلف شہروں میں احتجاج، نعرے بازی اور سڑکوں پر مظاہرے روز کا معمول بن چکے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے اندر ابتدائی سطح پر اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو ایران کے خلاف کن ممکنہ اقدامات پر عمل کیا جا سکتا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان بات چیت میں بعض حساس مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ زیر غور آپشنز میں ایرانی فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کے امکانات بھی شامل ہیں، تاہم اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب ایک اور عہدیدار نے واضح کیا کہ ابھی کسی ممکنہ کارروائی پر اتفاق رائے موجود نہیں اور نہ ہی کسی قسم کی فوجی نقل و حرکت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت عمومی منصوبہ بندی کا حصہ ہے اور فی الحال ایران کے خلاف کسی فوری کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔