مالی سال کے پہلے چھ ماہ ،تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے بڑھ گیا

3 ماہ قبل
مالی سال کے پہلے چھ ماہ ،تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے بڑھ گیا

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان کے تجارتی خسارے میں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 19 ارب ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے معیشت کے لیے تشویش پیدا کر دی ہے۔حالیہ دستاویز کے مطابق برآمدات میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 8.7 فیصد کمی ہوئی، جبکہ درآمدات میں 11.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران ملک نے 15 ارب 18 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی برآمدات اور 34 ارب 38 کروڑ ڈالر سے زائد کی درآمدات کیں۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں برآمدات ساڑھے 16 ارب ڈالر اور درآمدات 30 ارب 90 کروڑ ڈالر تھیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال دسمبر میں برآمدات میں 20 فیصد کمی اور درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو تجارتی خسارے میں اضافے کا سبب بنا۔معاشی ماہرین کے مطابق اگر برآمدات میں بہتری اور درآمدات میں کنٹرول نہ آیا تو یہ ملکی معیشت پر دباو ڈال سکتا ہے۔