بروقت اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس عالیہ نیلم

بروقت اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس عالیہ نیلم

لودھراں( تر کیہ خبر) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد تمام شہریوں کو شفاف طریقہ کار کے تحت قانون کے مطابق بلاامتیاز انصاف فراہم کرنا ہے، جبکہ نظامِ انصاف کی بہتری اور سائلین کو بروقت ریلیف دینے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے بہاولپور اور لودھراں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی عدالتوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور عدالتی امور کو بہتر بنانے کے ساتھ مقدمات کے جلد فیصلوں کی اہمیت پر زور دیا۔دورے کے موقع پر جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس علی ضیاء باجوہ اور رجسٹرار عبدالرحیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آصف رانا نے چیف جسٹس کو عدالتی کارکردگی، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب میں صدر ڈسٹرکٹ بار لودھراں سردار محمد کامران خان، جنرل سیکریٹری شہباز احمد بھٹی، صدر تحصیل بار کہروڑپکا عبدالستار، صدر تحصیل بار دنیاپور ملک اختر اقبال اعوان اور ممبر پنجاب بار کونسل رانا لیاقت علی خان بھی شریک ہوئے۔جسٹس عالیہ نیلم نے لیڈیز بار روم، کامن روم، میٹنگ روم اور ضلع کی عدالتوں میں مکمل ہونے والے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی اور مقدمات کی سماعت کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے۔ ججز اور عدالتی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ذمہ داری کا احساس ایک بہتر نظامِ انصاف کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقدمات کے بروقت فیصلوں اور زیرِ التوا کیسز کو نمٹانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی اور قانون کی بالادستی ہی ایک قابلِ اعتماد نظامِ انصاف کی بنیاد ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں سہولیات بہتر بنانے سے عوام کے لیے انصاف تک رسائی آسان ہوتی ہے، جبکہ سائلین کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا مؤثر انصاف کی فراہمی کا اہم تقاضا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آصف رانا نے مقدمات کی سماعت، عدالتی انتظامات، مختلف شعبوں میں بہتری، ضلعی عدلیہ کے انتظامی امور اور نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔دورے کے اختتام پر چیف جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ضلعی عدالتوں میں پودے بھی لگائے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.